کوشل مینڈس پی ایس ایل چھوڑ کر آئی پی ایل جانے کے سوال پر خاموش رہ گئے

گزشتہ برس مینڈس نے سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹورنامنٹ کے باقی میچز کے لیے پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کیا تھا


ویب ڈیسک April 12, 2026

کراچی: پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے کوشل مینڈس پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10 ویں ایڈیشن کے دوران لیگ چھوڑ کر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شمولیت کے فیصلے سے متعلق سوال پر خاموش رہ گئے۔

لاہور قلندرز کے خلاف زلمی کی فتح کے بعد جب ان سے پوچھا گیا کہ گزشتہ برس آپ سیکیورٹی خدشات کو جواز بنا کر پی ایس ایل سے دستبردار ہوکر آئی پی ایل میں گجرات ٹائٹنز کے لیے کھیلنے گئے کیا اس پر آپ کو پچھتاوا ہے؟ اس پر سری لنکن کرکٹر جواب دینے کے بجائے ہنسنے لگے اور خاموش ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اُس وقت مینڈس نے سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹورنامنٹ کے باقی میچز کے لیے پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کیا تھا اور اپنی توجہ آئی پی ایل پر مرکوز کر دی، جہاں وہ اس سے قبل کبھی نہیں کھیلے تھے۔

بعد ازاں انہیں گجرات ٹائٹنز اسکواڈ میں جوس بٹلر کے متبادل کے طور پر شامل کیا گیا، جو ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل قومی ذمہ داریوں کے باعث دستیاب نہیں تھے۔

صحافیوں نے یہ بھی پوچھا کہ کیا وہ اب اس فیصلے پر پچھتاوا محسوس کرتے ہیں، تاہم کوشل مینڈس نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا اور خاموش رہے، جس کے بعد زلمی کے میڈیا منیجر نے مداخلت کرتے ہوئے صحافیوں سے کہا کہ سوالات کو صرف میچ تک محدود رکھا جائے۔