ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں امتحانی مراکز کی تبدیلی اور بدعنوانی پر نوٹس، انکوائری کمیٹی قائم

کمیٹی 15 روز میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ صوبائی وزیر کو پیش کرے گی


ویب ڈیسک April 12, 2026

کراچی:

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں امتحانی مراکز کی تبدیلی اور مبینہ بدعنوانی کے معاملے پر وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز سندھ اسماعیل راہو کی ہدایت پر اعلیٰ سطح کی فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کمیٹی قائم کردی گئی۔

یہ کمیٹی سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے ایک نوٹی فکیشن کے تحت قائم ہوئی ہے۔ ترجمان کے مطابق کمیٹی 15 روز میں تحقیقات مکمل کر کے اپنی رپورٹ صوبائی وزیر کو پیش کرے گی۔

کمیٹی کے کنوینر اسپیشل سیکریٹری محکمہ جامعات و بورڈز ہوں گے جبکہ چیئرمین ٹیکنیکل بورڈ اور ایڈیشنل سیکریٹری (بورڈز) بطور ممبران شامل ہوں گے۔ تحقیقاتی کمیٹی اس امر کا جائزہ لے گی کہ امتحانات سے قبل یا دورانِ امتحان مراکز کن وجوہات کی بنیاد پر تبدیل کیے گئے اور آیا اس میں مالی مفاد، اقربا پروری یا غیر قانونی اثر و رسوخ شامل تھا یا نہیں۔

کمیٹی امتحانی مراکز کی الاٹمنٹ میں بے ضابطگیوں، ملی بھگت اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات کی بھی تحقیقات کرے گی۔

وزیر جامعات محمد اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ کمیٹی ملوث افسران و ملازمین کی نشاندہی کرے گی اور جو بھی قصوروار پایا گیا اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔