لاہور کے علاقے شفیق آباد میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دوکاندار پر تشدد کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق ملزمان نے ہومیوپیتھک دوا درست نہ دینے پر ایک شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا، اس دوران اس کی داڑھی، مونچھیں، بھنویں اور سر کے بال بھی کاٹ دیے گئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان شہری کو زبردستی اپنے نجی کارخانے میں لے گئے جہاں اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی شفیق آباد پولیس نے مقدمہ درج کر کے فوری کارروائی کی اور ایس ایچ او سہیل گوندل نے ٹیم کے ہمراہ دونوں کزن ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹیگیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ شہریوں پر تشدد اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔