اسلام آباد:
ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سعودیہ، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے اور انہیں ایران امریکا مذاکرات میں ہوئی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹر اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے رابطہ کیا جس میں اسلام آباد مذاکرات کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق دونوں نے تمام فریقوں کی جنگ بندی کے اپنے وعدوں پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے ڈائیلاگ کو آسان بنانے میں پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے تمام سفارتی کوششوں کی حمایت اور بات چیت کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مصر کے وزیر خارجہ سے رابطہ
اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبداللطیٰ سے رابطہ کیا اور اپنے مصری ہم منصب کو ’اسلام آباد مذاکرات‘ اور فریقین کے درمیان روابط کو آسان بنانے کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام فریقین کے لیے جنگ بندی کے اپنے عزم کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔
اسحاق ڈار نے خطے اور اس سے باہر امن اور استحکام کے حصول کے لیے مسلسل بات چیت اور سفارت کاری کی ضرورت کا اعادہ کیا۔
ترکیہ کے وزیر خارجہ سے رابطہ
اسحاق ڈار کی آج ترکی کے وزیر خارجہ ایف ایم فدان سے بھی رابطہ کیااور ’اسلام آباد مذاکرات‘ کے حوالے سے پیش رفت پر ان سے تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار نے تمام فریقین کی جنگ بندی کے وعدوں پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
ایف ایم فدان نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے تمام سفارتی کوششوں کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔ جن کا مقصد بات چیت کو برقرار رکھنا اور خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔
ایم ایم فدان نے رواں ماہ کے آخر میں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کے لیے اسحاق ڈار کو دعوت دی۔