پاکستان کے سیکیورٹی اداروں نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں جاسوسی کرنے والے 3 افراد کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے سیکیورٹی ادارے اندرونی و بیرونی خطرات سے نبرد آزما ہونے کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں اور اسی سلسلے میں یہ اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
کارروائی سے متعلق ذرائع نے بتایا کہ گرفتار افراد کا تعلق نارووال، بہاولپور اور ضلع نیلم آزاد کشمیر سے ہے، جو بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے لیے جاسوسی میں ملوث تھے۔
ملزمان نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا ہے کہ انہیں مخصوص سوشل میڈیا ایپس پر خواتین اور رقم کا جھانسا دے کر حساس معلومات تک رسائی حاصل کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ملزمان کو رقوم ایزی پیسہ، کرپٹو والٹس اور بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منتقل کی جاتی رہیں۔ گرفتار افراد نے یہ بھی اعتراف کیا کہ وہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے منسلک خواتین کے ساتھ سوشل میڈیا کے ذریعے مسلسل رابطے میں تھے۔
ملزمان کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد سزائیں سنا دی گئی ہیں۔
دفاعی ماہرین کے مطابق بھارت معصوم شہریوں کو رقم کے جھانسے اور ہنی ٹریپ جیسی سرگرمیوں کے ذریعے اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کر رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی بھارت کے حاضر سروس افسران کی جانب سے پاکستان میں جاسوسی اور حساس معلومات تک رسائی کے شواہد منظرِ عام پر آ چکے ہیں۔
دفاعی ماہرین نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے استعمال میں دشمن کی انٹیلی جنس ایجنسیز کے حربوں سے محتاط رہیں۔