ٹرمپ کا آبنائے ہرمز ناکہ بندی پلان، برطانیہ نے ساتھ دینے سے صاف انکار کردیا

برطانیہ اس حوالے سے فرانس اور دیگر اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر ایک وسیع اتحاد تشکیل دینے پر کام کر رہا ہے


ویب ڈیسک April 13, 2026

لندن: برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز کی ممکنہ ناکہ بندی میں شامل ہونے سے انکار کر دیا ہے۔

برطانوی حکومت کے ترجمان نے ایک بیان میں واضح کیا کہ برطانیہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کا حامی ہے اور اس اہم سمندری راستے کو کھلا رکھنے کی حمایت جاری رکھے گا۔

ترجمان کے مطابق یہ اقدام نہ صرف عالمی معیشت کے لیے ضروری ہے بلکہ برطانیہ کے اندر مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز پر کسی بھی قسم کا ٹول یا فیس عائد نہیں ہونی چاہیے، کیونکہ اس سے عالمی تجارت متاثر ہو سکتی ہے۔

برطانیہ اس حوالے سے فرانس اور دیگر اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر ایک وسیع اتحاد تشکیل دینے پر کام کر رہا ہے تاکہ بین الاقوامی جہاز رانی کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکی بحریہ فوری طور پر آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی شروع کرے گی اور ایسے بحری جہازوں کو بھی روکا جائے گا جو ایران کو ٹول ادا کر کے اس راستے سے گزرنے کی کوشش کریں گے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ برطانیہ کا یہ مؤقف مغربی اتحادیوں کے درمیان پالیسی اختلافات کو ظاہر کرتا ہے، جبکہ اس معاملے کے عالمی تجارت اور تیل کی سپلائی پر بڑے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔