رنویر الہ آبادیا کا سمے رائنا کے طنز پر ردعمل وائرل

بھارتی کامیڈین اپنے نئے شو کی وجہ سے دوبارہ ٹرینڈ کررہے ہیں


ویب ڈیسک April 13, 2026

بھارت کے نامور کامیڈین سمے رائنا اپنے نئے اسٹینڈ اپ کے ساتھ دوبارہ خبروں میں آگئے ہیں اور اب ان کی قانونی مشکلات میں اضافہ کرنے والے رنویر الہ آبادیا نے بھی ان کے طنز پر رد عمل دیا ہے۔ 

بھارت کے نوجوان اسٹینڈ اپ کامیڈین سمے رائنا نے یوٹیوب پر شروع کیے گئے اپنے شو ’انڈیاز گوٹ لیٹنٹ‘ کی وجہ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچے تاہم ایک شو کے دوران رنویر الہ آبادیہ کے نامناسب بیان نے ان کی مشکلات میں اضافہ کردیا تھا۔ 

’انڈیاز گوٹ لیٹنٹ‘ میں متنازع جملوں کی وجہ سے نہ صرف سمے رائنا کو وہ پروگرام بلکہ پچھلے سارے پروگرام بھی ڈیلیٹ کرنا پڑے اور ان دونوں کے خلاف متعدد مقدمات بھی درج ہوئے۔ 

تاہم، عدالتوں سے ریلیف ملنے کے بعد سمے رائنا نے لمبے عرصے کے بعد اسٹیج پر واپسی کی اور اپنے پہلے ہی اسٹینڈ اپ کے ذریعے دھوم مچادی اور وہ اب دوبارہ سے خبروں میں آگئے ہیں۔ 

سمے رئنا نے اپنا اسٹینڈ اپ اسپیشل ’اسٹل الائیو‘ جاری کیا، جس میں انہوں نے ’انڈیاز گوٹ لیٹنٹ‘ کے متنازع ایپی سوڈ کے بعد کے حالات پر بات کی۔

اپنے اسٹینڈ اپ میں سمے رائنا نے نہ صرف رنویر الہ آبادیا پر طنزیہ جملے کسے بلکہ بھارتی فنکاروں اور کامیڈینز پر بھی تنقید کی نشتر چلائے۔ 

اپنے نئے اسپیشل میں 28 سالہ کامیڈین نے اس شو کے بعد ہونے والے ہنگاموں اور تنازعات پر کھل کر گفتگو کی اور بتایا کہ کس طرح اس ایک جملے نے ان کے کریئر کو متاثر کردیا تھا۔ 

اس دوران کامیڈین نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے رنویر الہ آبادیا کو وہ جملا کاٹا کیوں نہیں، ان کا کہنا تھا ’میں تمہیں ماں کی قسم سچ بتاتا ہوں، بیئر بائسپس (رنویر الہ آبادیا) نے وہ سوال 8 بار پوچھا تھا، اس لیے ایک بار مجھے شامل کرنا پڑا۔ 

دوسری جانب، صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر رنویر الہ آبادیا نے مسکراتے ہوئے جواب دیا ’ہم دونوں کا سمے چل رہا ہے، یعنی ہمارا وقت چل رہا ہے‘۔ 

حتیٰ کہ سمی رائنا نے بھی تسلیم کیا کہ ایک موقع پر معاملات حد سے بڑھ گئے تھے، اس کے باوجود انہوں نے تصدیق کی ہے کہ ’انڈیاز گوٹ لیٹنٹ‘ کا دوسرا سیزن جلد آرہا ہے۔