وزیرِ اعظم سے جاپانی ہم منصب کا رابطہ، امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات پر تبادلۂ خیال

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو آج جاپان کی وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی


ویب ڈیسک April 13, 2026

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو آج جاپان کی وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی۔

وزیر اعظم سے جاری بیان کے مطابق گفتگو کے دوران حال ہی میں اسلام آباد میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیرِ اعظم تاکائیچی نے جنگ بندی اور مذاکرات کے انعقاد میں پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا۔ انہوں نے امن قائم کرنے کے عمل کی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور اسے علاقائی استحکام اور عالمی توانائی سلامتی کے لیے اہم قرار دیا۔

وزیرِ اعظم نے جاپانی ہم منصب کی نیک خواہشات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکہ اور ایران کے وفود کے اسلام آباد میں ہونے والے تفصیلی مذاکرات پر شکر گزار ہیں، اور پاکستان جنگ بندی کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

وزیرِ اعظم نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا، جسے جاپانی وزیرِ اعظم نے بھی سراہا، دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔