والدین میں علیحدگی،  باپ کا تشدد ، جنسی زیادتی؛ 14  سالہ بچی کی درد ناک کہانی

بچی نے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کی کوشش کی، اسپتال میں پولیس نے بیان لے کر مقدمہ درج کیا


ویب ڈیسک April 13, 2026

راولپنڈی:

والدین میں علیحدگی، باپ کے تشدد اور جنسی زیادتی جیسے کربناک واقعات سے گزرنے والی 14 سالہ بچی دربدر ہوگئی۔

تھانہ چکلالہ کے علاقے میں  میاں بیوی کے مابین علیحدگی  اور باپ کے مظالم کی ستائی  14 سالہ بچی  کی دردناک کہانی سا منے آ گئی، جس کے مطابق میاں بیوی  دونوں نے دوسری شادیاں کرلیں اور بیٹی والد کے ساتھ رہنے لگی ۔

والد کی جانب سے آئے روز بہیمانہ تشدد سے بچنے کے لیے بچی نے گھر چھوڑا تو کسی گھر میں رکھنے والے شخص نے ہی آئس کا نشہ کروا کر مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، جس کے بعد  متاثرہ لڑکی نے دلبراشتہ ہوکر خودکشی کی کوشش کی تو اسپتال پہنچ گئی۔

صورتحال سامنے آنے پر متاثرہ لڑکی کا بیان لیا گیا، جس پر پولیس نے ملزم کے خلاف زیادتی کرنے کے جرم میں  مقدمہ درج کرلیا۔

مدعیہ کے مطابق وہ ڈھوک چوہدریاں کی رہائشی تھی، جہاں اس کے والدین میں علیحدگی ہوئی  اور پھر دونوں نے دوسری شادیاں کرلیں۔ بچی نے بتایا کہ اس نے والد کے ساتھ رہائش رکھی جو اسے تشدد کا نشانہ بناتا تھا، جس پر اس نے گھر چھوڑ دیا۔

بچی کے مطابق اس کی ملاقات دانش نامی لڑکے کے ساتھ ہوئی جو وکیل کا منشی تھا  اور وہ مجھے ایک وکیل کے گھر لے گیا، جہاں وہ رہنے لگی ۔ کچھ عرصے بعد وہاں مسماۃ آمنہ نامی خاتون کام کرنے کے لیے آئی تو وکیل نے  اس خاتون کے گھر رہنے کے لیے بھجوا دیا، جس کی 2 بیٹیاں ہیں۔

خاتون کے خاوند کا نام عبدالرؤف ہے، جن کے ہاںعید کے بعد جاکر رہنا شروع کیا۔ رؤف نے آئس کا نشہ کروا کر مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا، جس کااُس کی اہلیہ کو پتا چلا تو دونوں میں جھگڑا شروع ہوگیا ۔

بچی کے مطابق اس نے زیادتی سے دلبراشتہ ہوکر چوہے مار گولیاں کھا لیں، جس سے حالت خراب ہوگی تو اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ مقدمے میں بچی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ میرے ساتھ عبدالرؤف نے زیادتی کی ہے، اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی جائے۔

دوسری جانب پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔