سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے اہم ایونٹ نے عالمی سطح پر پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ دو روز قبل اسلام آباد میں ہونے والے اہم ایونٹ نے عالمی سطح پر پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا، جس کا کریڈٹ سول اور ملٹری اداروں کو جاتا ہے، انہوں نے وزیراعظم، صدر اور آرمی چیف کو مبارکباد بھی پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد اسلامی ایٹمی طاقت ہے اور مختلف محاذوں پر کامیابیاں حاصل کر رہا ہے، جبکہ بھارتی میڈیا اس صورتحال پر پریشان نظر آیا۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ صدر کی زیر صدارت ہونے والی میٹنگ میں چاروں وزرائے اعلیٰ شریک ہوئے، جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پاکستان کے ذریعے اہم ڈیٹا اکٹھا کیا گیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ دنیا کا بڑا ہاؤسنگ منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت 21 لاکھ خاندانوں کو گھر فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ “بینظیر ہاری کارڈ” بھی متعارف کرایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تین لاکھ سے زائد چھوٹے کاشتکاروں کو فی ایکڑ 1500 روپے دیے گئے، گندم کی فصل کو بارشوں سے نقصان پہنچا تاہم کاشتکاروں کو ادویات فراہم کی گئیں اور اس سال گندم کی بہتر پیداوار حاصل ہوئی۔
پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ موٹر سائیکل استعمال کرنے والوں کو ماہانہ 2 ہزار روپے دیے جائیں گے، جس کے لیے درخواست کا طریقہ کار جلد جاری کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے لیے موجودہ صورتحال ایک امتحان بن چکی ہے اور سفارتی میدان میں وہ پیچھے جا رہا ہے، جبکہ پاکستان عالمی سطح پر اپنا مثبت اثر و رسوخ بڑھا رہا ہے اور اپنے خارجہ تعلقات کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔
شرجیل میمن کے مطابق پاکستان ایک ذمہ دار اور باوقار ریاست کے طور پر ابھر رہا ہے جو امن، استحکام اور ترقی کے لیے پرعزم ہے، اور دنیا میں ایک امن پسند ملک کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات پاکستان پر بھی پڑتے ہیں، کیونکہ ملک کو درآمدی تیل پر انحصار کرنا پڑتا ہے، لہٰذا پالیسی فیصلے انہی عالمی حالات کو مدنظر رکھ کر کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے بیانیے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے وفاق اور صوبے مل کر کام کر رہے ہیں، جبکہ لندن فیسٹیول میں سندھ حکومت کا منصوبہ “میرا لیاری” بھی پیش کیا جائے گا۔