ملیر میں گھورنے پر دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہوگیا، جس کے بعد مشتعل افراد نے اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے متعدد موٹر سائیکلیں جلادیں۔
تفصیلات کے مطابق ملیر سٹی کے علاقے ملیر عمار یاسر سوسائٹی تقویٰ مسجد کے قریب فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی نوجوان کی شناخت 22 سالہ عبدالرحمان ولد محمد روزی کے نام سے کی گئی، عینی شاہدین کے مطابق ہفتے کی شب دو گرپوں کے درمیانی گھورنے پر جھگڑا ہوا تھا تاہم علاقے کے بزرگ افراد نے دونوں گروپوں میں صلح کرادی تھی۔
پیر اور منگل کی شب چند مسلح افراد آئے اور تلخ کلامی کے بعد گالم گلوچ شروع کردی، اس دوران فائرنگ بھی کی گئی جس سے مذکورہ نوجوان زخمی ہوگیا۔
نوجوان کے زخمی ہونے کے بعد درجنوں مسلح افراد موقع پر پہنچ گئے اور اندھا دھند فائرنگ کردی جبکہ نامعلوم شرپسندوں نے متعدد موٹرسائیکلوں کو بھی آگ لگا دی۔
پولیس نے علاقہ معززین کی مدد سے مشتعل افراد کو منتشر کردیا اور دونوں گروپوں میں ہونے والے تصادم کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔