برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے لبنان کو فوری طور پر جنگ بندی میں شامل کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں سرکیئر اسٹارمر نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ مکمل طور پر کھولنے کے لیے ابھی بہت کام کرنا باقی ہے، اور خطے میں امن کے لیے سفارتی کوششوں کو تیز کرنا ہوگا۔
انہوں نے اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن صرف سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
برطانوی وزیراعظم نے لبنان کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں جاری بمباری ایک سنگین انسانی بحران کو جنم دے رہی ہے، جسے فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ لبنان کو بھی جنگ بندی معاہدے میں شامل کیا جائے تاکہ خطے میں کشیدگی کم ہو سکے۔
ماہرین کے مطابق عالمی رہنماؤں کے یہ بیانات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ بین الاقوامی برادری خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی حل پر زور دے رہی ہے۔