کراچی: شہریوں نے موٹر سائیکل چور کی درگت بنادی، ویڈیو وائرل

ملزم نے پکڑے جانے پر فرار ہونے کی کوشش کی جس میں وہ کامیاب نہ ہوسکا


ویب ڈیسک April 14, 2026

کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 11 پاور ہاؤس کے قریب موٹر سائیکل چوری کی واردات شہریوں نے ناکام بنا دی۔

تفصیلات کے مطابق مبینہ موٹر سائیکل لفٹر کو شہریوں نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور موقع پر ہی تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مبینہ چور دن دہاڑے گھر کے باہر کھڑی موٹر سائیکل لے جانے کی کوشش کرتا ہے تاہم اسی دوران گھر سے شہری باہر نکل آتے ہیں جس پر ملزم فرار ہونے کی کوشش کرتا ہے۔

بعد ازاں شہری ملزم کے پیچھے دوڑ کر اسے پکڑ لیتے ہیں اور موقع پر ہی قابو پا لیتے ہیں۔ فوٹیج میں شہریوں کی جانب سے مبینہ چور کی درگت بناتے ہوئے بھی مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔