تہران: ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حالیہ حملوں کے نتیجے میں ملک کو تقریباً 270 ارب ڈالرز کا بھاری نقصان پہنچا ہے۔ یہ بات ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے ایک بیان میں بتائی۔
روسی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے فاطمہ مہاجرانی نے کہا کہ یہ تخمینہ براہِ راست اور بالواسطہ دونوں طرح کے نقصانات کو مدنظر رکھ کر لگایا گیا ہے، جس میں انفراسٹرکچر، معیشت اور دیگر شعبوں کو پہنچنے والے اثرات شامل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات کا ازالہ ایران کے لیے ایک اہم معاملہ ہے، جسے اسلام آباد میں ہونے والے امریکا اور ایران کے مذاکرات میں بھی اٹھایا گیا۔ ان کے مطابق ہرجانے کا مطالبہ ایران کی جانب سے پیش کی گئی 10 نکاتی شرائط میں شامل ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے انتونیو گوتریس کے نام ایک خط میں خلیجی ممالک، جن میں قطر، سعودی عرب، بحرین، امارات اور کویت شامل ہیں، سے بھی جنگی نقصانات کا ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کا یہ مؤقف خطے میں جاری کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے، جبکہ مذاکراتی عمل پر بھی اس کے اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔