لاہور:
گرین ٹاؤن میں چھ سالہ بچی فاطمہ مردہ حالت میں اسپتال منتقل کی گئی جس کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے۔
پولیس کے مطابق بچی جناح اسپتال میں مردہ حالت میں لائی گئی جبکہ بچی کا باپ اور سوتیلی ماں بھی اسپتال میں موجود تھے۔ بچی کے جسم پر پائے گئے تشدد کے نشانات دو دن پرانے ہیں۔
واقعے کی اطلاع پر متعلقہ پولیس فوری حرکت میں آ گئی۔ بچی کو اسپتال لانے والے باپ اور سوتیلی ماں کو حراست میں لے لیا گیا کیونکہ دونوں افراد کے بیانات میں تضاد تھا، جو مشکوک قرار دیے گئے۔
ایس پی صدر رانا حسین طاہر کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال میں بچی کا پوسٹ مارٹم جاری ہے، موت کی اصل وجہ کے تعین کے لیے فرانزک شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔
ایس پی صدر کا کہنا تھا کہ کیس کو نہایت سنجیدگی سے دیکھا جا رہا ہے، ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔