مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث پاکستان میں توانائی بحران شدت اختیار کر گیا

مہنگے فرنس آئل پلانٹس سے بھی بجلی کی پیداوار روک دی گئی ہے


ویب ڈیسک April 14, 2026

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث پاکستان میں توانائی بحران شدت اختیار کر گیا ہے، گیس بحران کے سبب تقریباً 4 ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار بند ہو گئی جبکہ درآمدی گیس سے چلنے والے پاور پلانٹس بھی سسٹم سے آؤٹ ہیں۔؎

ذرائع کے مطابق مہنگے فرنس آئل پلانٹس سے بھی بجلی کی پیداوار روک دی گئی ہے، توانائی قلت کے باعث ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے۔

شہری علاقوں میں 8 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، بجلی چوری والے علاقوں میں یہ دورانیہ 14 سے 16 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔

پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق بجلی کمپنیوں کو مختص کوٹے سے تقریباً نصف فراہمی کی جا رہی ہے جبکہ درآمدی گیس کی بحالی تک بجلی کی پیداوار متاثر رہے گی۔

مہنگے فرنس آئل سے پیداوار کی صورت میں بجلی کی لاگت میں 8 روپے تک اضافے کا خدشہ ہے، اسی لیے فوری طور پر لوڈ شیڈنگ کے ذریعے مہنگی بجلی کی پیداوار سے گریز کیا جا رہا ہے۔