اسلام آباد: سی ڈی اے کے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کےدوران صورتحال کشیدہ ہوگئی

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس راجا انعام امین منہاس نے درخواستوں پر سماعت کی


ویب ڈیسک April 14, 2026

اسلام آباد میں سی ڈی اے کے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران صورتحال کشیدہ ہو گئی، مشتعل مظاہرین نے شدید ردعمل دیتے ہوئے ہنگامہ آرائی کی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔

مظاہرین نے احتجاج کے دوران سی ڈی اے کی دو گاڑیوں کو آگ لگا دی، جس سے صورتحال مزید بے قابو ہو گئی۔

تجاوزات کے خلاف کارروائی پر شروع ہونے والا احتجاج شدت اختیار کر گیا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حالات کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن جاری ہے، ترجمان سی ڈی اے کے مطابق عدالت کی جانب سے آپریشن کے خلاف سٹے آرڈر ختم کر دیا گیا ہے اور فیصلہ سی ڈی اے کے حق میں آیا ہے،

ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائی قانون کے مطابق کی جا رہی ہے تاہم آپریشن کے دوران قابضین کی جانب سے مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سید پور ویلج میں 128 سے زائد درخواست گزاروں کے مکانات مسمار کرنے سے روکنے کا حکم امتناع 21 اپریل تک برقرار رکھتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

جسٹس راجا انعام امین منہاس نے درخواستوں پر سماعت کی، اس موقع پر درخواست گزاروں کے وکلاء راجہ رضوان عباسی اور عنصر کیانی عدالت میں پیش ہوئے،

عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین سے حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام وکلاء مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہوں،

سماعت کے دوران عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے ممکنہ بے دخلی کے طریقہ کار سے متعلق بھی استفسار کیا، جبکہ وکیل نے حکم امتناع برقرار رکھنے کی استدعا کی،

عدالت نے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر تمام دلائل سن کر میرٹ پر فیصلہ کیا جائے گا اور حکم امتناع برقرار رہے گا۔