ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام، جوابی کارروائی میں ملزمان فرار ہوگئے

تلاشی کے دوران پولیس پوسٹ کے گرد و نواح سے 25 کلو اور تین کلو بارود پر مشتمل دو آئی ای ڈیز برآمد


ویب ڈیسک April 14, 2026

ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانہ درازندہ کی حدود میں واقع چوکی امان میلہ پر دہشتگردوں کا حملہ پولیس کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا۔

ترجمان ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے چوکی پر چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے حملہ کیا، تاہم چوکی میں موجود اہلکاروں نے جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھرپور جواب دیا جس پر حملہ آور افراتفری میں فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔

پولیس کے مطابق چوکی میں تعینات تمام اہلکار محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ حملے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران پولیس پوسٹ کے اطراف سے 25 کلو اور 3 کلو بارودی مواد پر مشتمل دو آئی ای ڈیز بھی برآمد ہوئیں۔

بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکاروں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر دونوں دیسی ساختہ بموں کو ناکارہ بنا دیا، جس سے ممکنہ بڑے نقصان کو ٹال دیا گیا۔

ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان ضیاء الدین نے چوکی پر تعینات اہلکاروں کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ آہنی حوصلوں کے حامل یہ بہادر جوان ہمارا فخر ہیں اور علاقائی امن کے لیے ڈی آئی خان پولیس نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔