پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کراچی سے متعلق ایک ایسا دلچسپ تبصرہ کیا ہے جس نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرلی۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کے دوران شرمیلا نے شہرِ قائد کا موازنہ براہِ راست پیرس سے کر ڈالا، جس پر محفل میں موجود افراد بھی مسکرا اٹھے۔
پروگرام کے ایک ہلکے پھلکے سیگمنٹ میں میزبان نے ان سے جملہ مکمل کرنے کو کہا کہ ’’کراچی میں رہنا ایسا ہے جیسے…‘‘۔
چند لمحوں کے توقف کے بعد شرمیلا فاروقی نے جواب دیا کہ ’’کراچی میں رہنا ایسا ہے جیسے پیرس میں رہنا‘‘۔
ان کے اس غیر متوقع جواب پر وہاں موجود مہمانوں نے تالیاں بجا کر ردعمل دیا اور ماحول خوشگوار ہوگیا۔
اسی نشست کے دوران انہوں نے اپنی ذاتی دلچسپیوں پر بھی بات کی اور کہا کہ وہ سیاست چھوڑنے کا تصور تو کر سکتی ہیں، مگر ڈرامے دیکھنے کی عادت ترک کرنا ان کے لیے ممکن نہیں۔ ان کے مطابق وہ باقاعدگی سے اور شوق سے ڈرامے دیکھتی ہیں۔
شرمیلا فاروقی کے اس ہلکے پھلکے انداز نے پروگرام کو مزید دلچسپ بنا دیا، جبکہ ان کا کراچی اور پیرس کا موازنہ اب سوشل میڈیا پر بھی خوب زیرِ بحث ہے۔ جہاں صارفین دلچسپ تبصرے کررہے ہیں جبکہ کچھ اس موازنے کو تنقید کا نشانہ بھی بنارہے ہیں۔