ڈان بننے اور نشہ نہ دینے پر 2 افراد کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار

پشاور پولیس نے دو اندھے قتل کے کیسز کا معمہ حل کرتے ہوئے نشئی کو گرفتار کرلیا جس نے اپنے ساتھیوں کو مارا تھا


احتشام خان April 14, 2026

پشاور کے علاقہ حیات آباد میں نشئیوں کا ڈان بننے اور زبردستی نشے کی پڑیاں لینے پر نشئی نے اپنے دو ساتھیوں کو قتل کر دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد میں پولیس نے اندھے قتل کے دو واقعات کا معمہ حل کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ایس پی کینٹ ڈویژن عبداللہ احسان کی ہدایات اور ایس ڈی پی او حیات آباد سرکل محمد جنید کھرل کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ حیات آباد کامران مروت اور تفتیشی ٹیم نے جدید سائنسی بنیادوں پر تحقیقات کرتے ہوئے ملزم عباس کو حراست میں لیا، جو ہیروئن کے نشے کا عادی ہے۔

ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے 27 مارچ کو انڈسٹریل اسٹریٹ محسن خوڑ کے قریب مہربان شاہ جبکہ اس سے قبل 27 فروری کو جمرود روڈ پر پرائم اسپتال کے قریب نعیم عرف فوجی کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔

دونوں مقتولین اس کے قریبی ساتھی اور نشے کے عادی تھے جن کے ساتھ منشیات اور رقم کے تنازع پر جھگڑا ہوا۔

پولیس نے ملزم کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس پی کینٹ عبد اللہ احسان کے مطابق ابتدا میں کیسوں کو مختلف زاویوں سے چیک کیا گیا لیکن ہیومن انٹیلیجنس اور ٹیکنالوجی کی مدد سے نشئی قاتل کو ٹریس کرکے گرفتار کر لیا گیا۔