کراچی کنگز نے یو اے ای کے دو پلیئرز کو ٹیم سے نکال کر انگلینڈ کے کھلاڑی کو شامل کر لیا

کراچی کنگز نے انگلینڈ کے جارح مزاج اوپنر جیسن روئے کو محمد وسیم کے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کر لیا


ویب ڈیسک April 15, 2026

کراچی کنگز نے پاکستان سپر لیگ 11 کے بقیہ میچز سے یو اے ای کے دو پلیئرز محمد وسیم اور خوزیما بن تنویر کو نکال کر انگلینڈ کے کھلاڑی جیسن روئے کو شامل کر لیا۔

فرنچائز ترجمان کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دونوں کھلاڑیوں کو قومی ذمہ داریوں کے باعث ریلیز کیا گیا ہے، کراچی کنگز کے ترجمان نے کہا کہ ہم اپنے کھلاڑیوں کی قومی ٹیم کی نمائندگی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے محمد وسیم اور خوزیما بن تنویر کو مقامی سطح پر ہونے والے ڈی 50 کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے طلب کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑی ایونٹ کے چند میچز کھیلنے کے بعد دوبارہ پی ایس ایل 11 میں کراچی کنگز کا حصہ بن جائیں گے۔

دوسری جانب کراچی کنگز نے انگلینڈ کے جارح مزاج اوپنر جیسن روئے کو محمد وسیم کے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کر لیا جبکہ خوزیما بن تنویر کے متبادل کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔