روس کا یوکرین پر سال کا اب تک کا مہلک ترین فضائی حملہ

نو افراد اوڈیسا میں اور دو جنوب مشرقی شہر ڈنیپرو میں مارے گئے


ویب ڈیسک April 16, 2026

روس نے یوکرین پر اس سال اب تک کا سب سے مہلک فضائی حملہ کیا ہے۔

یوکرینی حکام کے مطابق روسی فضائی حملے میں ایک 12 سالہ بچے سمیت 16 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ رواں سال کا اب تک کا سب سے مہلک حملہ قرار دیا جارہا ہے۔

یوکرین کی وزارت دفاع نے کہا کہ رات کے حملے میں ملک بھر کے متعدد شہروں کو تقریباً 700 ڈرونز اور 19 بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

یوکرین کے دارالحکومت کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا۔ کیف کے میئر وٹالی کلیٹسکو نے کہا کہ حملوں میں چار افراد ہلاک ہوئے، جن میں 12 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ڈرون 18 منزلہ عمارت سے ٹکرایا۔

علاقائی حکام نے بتایا کہ نو افراد اوڈیسا میں اور دو جنوب مشرقی شہر ڈنیپرو میں مارے گئے جہاں ڈرون نے رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔ یوکرین کے جنوب مشرقی شہر میکولائیو اور کھیرسن بجلی سے محروم تھے کیونکہ روسی حملے نے علاقے میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کردیا تھا۔