اسلام آباد مذاکرات کے ممکنہ دوسرے دور کیلئے انتظامات جاری، سیکیورٹی ہائی الرٹ، پنجاب سے پولیس طلب

اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر اضافی ناکہ بندی کی گئی ہے اور شہر میں داخل ہونے والی ہرگاڑی کی تلاشی لی جا رہی ہے


نعیم اصغر April 16, 2026

اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے ممکنہ دوسرے دور کے لیے وفاقی دارالحکومت میں انتظامات جاری ہیں،  سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے اور پنجاب سے اضافی پولیس نفری طلب کرلی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ممکنہ طور پر امریکا اور ایران مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے انتظامات کیے جارہے ہیں جہاں شہر کےحساس مقامات اور ریڈ زون کے باہر پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز اور ایف سی کی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد کے ریڈزون میں غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ روک دیا گیا ہے، اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر اضافی ناکے لگادیے گئے ہیں، کالے شیشے والی گاڑیوں یا شیڈ کے استعمال پر مزید سختی کی جا رہی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ پنجاب بھر سے اضافی نفری اسلام آباد طلب کرلی گئی ہے اور مختلف اضلاع سے اہلکار روانہ کردیے گئے ہیں، اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر اضافی ناکہ بندی کی گئی ہے اور شہر میں داخل ہونے والی ہرگاڑی کی تلاشی لی جا رہی ہے، سڑکوں پر صفائی کروائی جا رہی ہے اور فٹ پاتھوں پر رنگ روغن کیا جا رہا ہے۔