پی ایس ایل 11 میں مسلسل چار شکستوں کے بعد لگاتار تیسری فتح پانے والی حیدرآباد کنگز مین کے نوجوان فاسٹ بولر حنین شاہ نے کہا ہے کہ بڑے بھائی نسیم شاہ کی جانب سے ملنے والی ٹپس کارآمد ثابت ہوئیں۔
راولپنڈیز کے خلاف میچ میں کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مین آف دی میچ22 سالہ حنین شاہ نے کہا کہ لگاتار انجریز کے بعد واپسی آسان نہیں ہوتی، مگر میں نے محنت جاری رکھی۔
حالیہ عرصہ میں زیادہ ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیلی، این سی اے میں بحالی کے ساتھ ایس ایل کی تیاری کی،ٹیم منجمنٹ نے بھرپور ساتھ دیا اور ہمیں کبھی یہ احساس نہیں ہونے دیا کہ کارکردگی متاثر ہو رہی ہے،کراچی کی وکٹیں عموماً سلو اور لو رہتی ہیں،اسی بات کو مدنظر رکھ کر منصوبہ بندی کی، پچھلے میچ کے مقابلے میں وکٹ کے مطابق زیادہ ویری ایشنز استعمال کیں۔
خیبر پختون خواہ کے ضلع اپر دیر سے تعلق رکھنے والے حنین شاہ نے کہا کہ انٹرنیشنل آل راؤنڈر بڑے بھائی نسیم شاہ گھر میں کرکٹ پر کم ڈسپلن اور دیگر معاملات پر زیادہ گفتگو کرتے ہیں،جمعرات کو ہونے والے میچ سے قبل گزشتہ روز پریکٹس میں نسیم شاہ سے حاصل ہونے والی رہنمائی سود مند ثابت ہوئی، مسلسل محنت کر رہا ہوں اور زیادہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی کوشش ہے تاکہ پاکستان کے لیے کھیلتے وقت دباؤ کم ہو۔
یاد رہے کہ راولپنڈیز کی نمائندگی کرنے والے نسیم شاہ انجری کے سبب ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں،حنین شاہ نے جمعرات کو راولپنڈیز کے خلاف بہترین بولنگ کرتے ہوئے4اوورز میں 18 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور مین آف دی میچ رہے۔