ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کا میچ مشکوک، آئی سی سی نے تحقیقات کا آغاز کردیا

آئی سی سی اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ وہ ان معاملات پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے


اسپورٹس ڈیسک April 17, 2026

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اینٹی کرپشن یونٹ نے کرکٹ کینیڈا میں مبینہ بدعنوانی کے معاملات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق یہ تحقیقات دو مختلف پہلوؤں پر جاری ہیں، جن میں ایک حالیہ مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران کینیڈا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بھی شامل ہے۔

یہ انکشاف کینیڈین پروگرام ’دی ففتھ اسٹیٹ‘کی ڈاکیومنٹری ’کرپشن، کرائم اینڈ کرکٹ‘ میں کیا گیا۔

ڈاکیومنٹری کے مطابق اس میچ میں ایک اوور مشکوک سمجھا جا رہا ہے جس میں کپتان دلپریت باجوا نے غیرمعمولی بولنگ کی اور اضافی رنز دیے۔

دوسری جانب ایک آڈیو ریکارڈنگ بھی زیرِ تفتیش ہے جس میں سابق کوچ خرم چوہان نے دعویٰ کیا کہ بورڈ حکام نے ٹیم سلیکشن پر دباؤ ڈالا۔

سابق کوچ پبڈو دسانائیکے نے بھی اسی نوعیت کے الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ انہیں مخصوص کھلاڑیوں کو شامل کرنے پر مجبور کیا گیا اور انکار پر ملازمت ختم کرنے کی دھمکی دی گئی۔

مزید برآں، کرکٹ کینیڈا کو انتظامی بحران، مالی مسائل اور کھلاڑیوں کی ادائیگیوں میں تاخیر جیسے مسائل کا بھی سامنا رہا ہے۔

اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ وہ ان معاملات پر تبصرہ نہیں کر سکتے تاہم جہاں بھی کھیل کی شفافیت کو خطرہ ہو، تحقیقات جاری رہیں گی۔