افغان جنگ میں معصوم شہریوں کو قتل کرنے والا آسٹریلوی فوجی افسر ضمانت پر رہا

اس بات کا خطرہ ہے کہ رابرٹس اسمتھ آسٹریلیا سے فرار ہو جائیں گے، استغاثہ


ویب ڈیسک April 17, 2026

افغان جنگ کے دوران 5 معصوم افغان شہریوں کو قتل کرنے اور دیگر جنگی جرائم میں ملوث آسٹریلیا کے سب سے زیادہ تجربہ کار فوجی اہلکار بین رابرٹس اسمتھ کو ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بین رابرٹس اسمتھ کو مجرم قرار دیے جانے کے 10 دن بعد ہی ضمانت مل گئی۔

جج گریگ گروگین نے سڈنی کی ایک عدالت میں فیصلہ دیا کہ اسپیشل ایئر سروس رجمنٹ کے سابق کارپورل نے اپنی حراست سے رہائی کا معقول جواز پیش کردیا ہے۔

تاہم استغاثہ نے ضمانت کی مخالفت کی اور دلیل دی تھی کہ اس بات کا خطرہ ہے کہ رابرٹس اسمتھ آسٹریلیا سے فرار ہو جائیں گے یا گواہوں اور شواہد میں مداخلت کریں گے۔

واضح رہے کہ 47 سالہ رابرٹس اسمتھ کو 7 اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر 2009 اور 2012 میں افغان صوبہ ارزگان میں پانچ افغانیوں کق قتل سمیت دیگر جنگی جرائم کے الزامات لگائے گئے تھے۔

رابرٹس اسمتھ کو افغانستان میں ان کی خدمات کے لیے وکٹوریہ کراس اور میڈل آف گیلنٹری دونوں سے نوازا گیا تھا اور وہ افغانستان کی مہم کے دوسرے آسٹریلوی سابق فوجی ہیں جن پر جنگی جرم کا الزام لگایا گیا ہے۔