اداکار شان کی بطور ڈائریکٹر فلم ’سائیکو‘ کے ٹیزر کی لانچنگ تقریب

تقریب کے دوران فلم کا ٹیزر بھی پیش کیا گیا جسے شرکاء کی جانب سے خوب سراہا گیا


ویب ڈیسک April 17, 2026

پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور اداکار شان شاہد کی بطور ڈائریکٹر فلم ’سائیکو‘ کے ٹیزر کی شاندار لانچنگ تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جہاں شوبز انڈسٹری کی نامور شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تقریب میں فلم کے کو پروڈیوسر خواجہ راحت حسین، ڈائریکٹر و اداکار شان شاہد، اداکارہ میرا، پروڈیوسر صفدر ملک موجود تھے۔

علاوہ ازیں، چیئرمین ڈائریکٹر ایسوسی ایشن مسعود بٹ، چیئرمین پروڈیوسر ایسوسی ایشن شہزاد رفیق، معروف رائٹر خلیل الرحمان قمر، اداکار نیر اعجاز، آئی ایم جی سی کے عابد شیخ، اداکار عدنان بٹ، طلعت شاہ، جونی ملک، کوریوگرافر پپو سمراٹ اور عمران احمد سمیت دیگر فنکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر شان شاہد نے کہا کہ فلم سائیکو عید الاضحیٰ پر شائقین کے لیے ایک منفرد تحفہ ثابت ہوگی، جس میں ایک نئی کہانی اور جدید انداز پیش کیا جائے گا۔

دیگر فنکاروں نے بھی فلم کے معیار اور پاکستانی سینما کی بہتری کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

تقریب کے دوران فلم کا ٹیزر بھی پیش کیا گیا جسے شرکاء کی جانب سے خوب سراہا گیا۔