ارجنٹائن کے فٹبال اسٹار لیونل میسی ایک نئے قانونی تنازع میں پھنس گئے ہیں۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق میامی میں قائم ایک ایونٹ پروموٹر کمپنی نے لیونل میسی پر معاہدے کی خلاف ورزی کا مقدمہ دائر کردیا ہے۔
پروموٹر کمپنی کا مؤقف ہے کہ میسی نے گزشتہ سال منعقد ہونے والے ایک نمائشی میچ میں شرکت نہیں کی، جس کے باعث انہیں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
یہ مقدمہ میامی ڈیڈ سرکٹ کورٹ میں دائر کیا گیا ہے اور اس میں میسی کے ساتھ ساتھ ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن اور ایک اسپورٹس ایگزیکٹو جولین مارکوس کپیلان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
درخواست کے مطابق معاہدے کے تحت پرموٹر کمپنی کو ارجنٹائن کے دوستانہ میچز کے پروموشن کے خصوصی حقوق دیے گئے تھے اور شرط رکھی گئی تھی کہ میسی ہر میچ میں کم از کم 30 منٹ ضرور کھیلیں گے۔
پروموٹر کا دعویٰ ہے کہ میسی کی شرکت ان میچز کی تجارتی کامیابی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی تھی۔
الزامات کے مطابق میسی نے وینزویلا کے خلاف میچ نہیں کھیلا تاہم وہ اس کے اگلے دن اپنے کلب انٹر میامی کی جانب سے کھیلتے نظر آئے اور دو گول بھی کیے۔
بعد ازاں انہوں نے پورٹو ریکو کے خلاف میچ میں حصہ لیا۔
مقدمے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فریقین نے معاہدے میں غلط بیانی اور دھوکہ دہی سے کام لیا، معاملہ اب عدالت میں زیر سماعت ہے۔