کسی پرحملے کا ارادہ نہیں، صرف اپنے دفاع کا قانونی حق استعمال کررہے ہیں، ایرانی صدر

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے مخالفین اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں


ویب ڈیسک April 19, 2026

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنے حالیہ بیان میں واضح کیا ہے کہ ایران کسی بھی ملک کے خلاف جارحیت کا ارادہ نہیں رکھتا بلکہ صرف اپنے دفاع کے قانونی حق کا استعمال کر رہا ہے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ان کے ملک کا بنیادی مؤقف خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کو یقینی بنانا ہے، اور ایران کسی بھی صورت جنگ کو مزید بڑھانا نہیں چاہتا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران نے نہ کوئی جنگ شروع کی ہے اور نہ ہی کسی تنازع کا آغاز کیا، بلکہ موجودہ صورتحال میں وہ صرف اپنے دفاع کے حق کو استعمال کر رہا ہے۔

مسعود پزشکیان نے امریکی صدر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ایرانی عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کریں یا یہ فیصلہ کریں کہ ایران اپنے جوہری حقوق سے فائدہ اٹھا سکتا ہے یا نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے مخالفین اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ان کے مطابق دشمن نے جنگ کے دوران بنیادی ڈھانچے، اسکولوں اور اسپتالوں کو نشانہ بنایا، جبکہ ایران کی تہذیب کو نقصان پہنچانے اور ملک کو پتھر کے دور میں واپس دھکیلنے جیسے بیانات دشمن کے اصل عزائم کو ظاہر کرتے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ایرانی صدر کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی کے باوجود سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں، اور ایران خود کو دفاعی پوزیشن میں ظاہر کرتے ہوئے عالمی برادری کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔