پاکستان اور مصر کی افواج کے درمیان دو ہفتوں پر محیط مشترکہ فوجی مشق “تھنڈر-II” خیبر پختونخوا کے علاقے چراٹ میں کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگئی۔
دو ہفتے جاری رہنے والی تربیتی مشقوں کی اختتامی تقریب چیراٹ میں منعقد ہوئی، یہ مشق مشترکہ تربیت کے ذریعے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں سے متعلق مشقوں، طریقہ کار اور تکنیکوں کو بہتر بنا کر باہمی تعاون کو بڑھانے کے لئے ڈیزائن کی گئی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ اور مصری اسپیشل فورسز کی ٹیموں نے مشق میں غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھرپور حصہ لیا۔
اسپیشل سروسز گروپ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ نے اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ مصری پیرا ٹروپرز کے کمانڈر میجر جنرل محمد سعد عبدالرازق اور مصر کے دفاعی اتاشی نے بھی تقریب کا مشاہدہ کیا۔
اس مشق نے دونوں دوست ممالک کے درمیان دیرینہ اور تاریخی ملٹری ٹو ملٹری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا کام بھی کیا۔