ملک بھر سے جاری حج فلائٹ آپریشن میں تیزی آ گئی ہے اور عازمینِ حج کی روانگی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق اب تک 21 پروازوں کے ذریعے 5 ہزار 250 سرکاری عازمینِ حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ آج منگل کے روز مزید 13 حج پروازوں کے ذریعے 3 ہزار 510 عازمینِ حج سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ ان پروازوں میں اسلام آباد سے 4 جبکہ کراچی، لاہور، ملتان اور کوئٹہ سے 2، 2 پروازیں روانہ کی جائیں گی، اس کے علاوہ سیالکوٹ سے بھی ایک حج پرواز اڑان بھرے گی۔
حکام کے مطابق سرکاری حج آپریشن میں پی آئی اے، سعودی ایئر، ایئر بلیو اور ایئر سیال حصہ لے رہی ہیں۔ عازمینِ حج کی سہولت کے لیے ملک بھر کے 10 حاجی کیمپوں میں مرحلہ وار تربیت، سفری دستاویزات کی فراہمی اور ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔
مزید برآں عازمین کی رہنمائی کے لیے پاکستانی اور سعودی ایئرپورٹس پر وزارت مذہبی امور کا عملہ 24 گھنٹے تعینات ہے تاکہ کسی بھی قسم کی دشواری سے فوری نمٹا جا سکے۔ ترجمان کے مطابق حج فضائی آپریشن 31 مئی تک بلا تعطل جاری رہے گا۔