کراچی: کورنگی سو کوارٹر کے قریب موٹرسائیکل سوار برقع پوش ملزمان کی فائرنگ سے سیاسی جماعت کا علاقائی عہدیدار جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی سو کوارٹر سیکٹر 50/C ملائی ہوٹل کے قریب برقع پوش موٹرسائیکل سوار ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 32 سالہ یاسین ولد امین کے نام سے کی گئی، مقتول کے کزنز اور دیگر رشتے داروں نے جناح اسپتال میں ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول مکان نمبر 1-770 ، سیکٹر 48/F محلہ اتحاد کالونی کورنگی کا رہائشی اور 3 بچوں کا باپ تھا، مقتول فشری میں مچھلی کی فیکٹری کا ٹھیکیدار تھا جبکہ وہ ایم کیو ایم پاکستان کورنگی یوسی 8 کا علاقائی ذمے دار تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق ایک موٹرسائیکل پر دو افراد آئے جن میں سے ایک ہیلمٹ لگائے ہوئے تھا جبکہ دوسرا شخص برقع پہنے ہوئے تھا، برقع پوش نے موٹرسائیکل سے اتر کر اندھا دھند فائرنگ کی، گولیاں یاسین کے سر پر لگیں جب وہ اٹھ کر بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا تو عقب سے کمر پر بھی گولیاں مار دیں اور ملزمان فرار ہوگئے۔
فرار ہونے والوں ملزمان کے بیک اپ میں بھی ایک موٹرسائیکل پر دو ملزمان تھے جو ان کے ساتھ ہی فرار ہوگئے، واقعے کے وقت علاقے میں بجلی نہیں تھی جس کے باعث موٹرسائیکلوں کے نمبر یا ملزمان کے چہرے کسی نے نہیں دیکھے، مقتول کی کسی سے نہ تو دشمنی تھی اور نہ ہی کسی سے لین دین کا تنازع تھا، واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے۔