اسلام آباد میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم پیش رفت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا


ویب ڈیسک April 21, 2026

اسلام آباد میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ مارگلہ پہاڑیوں کے دامن میں 1000 ایکڑ پر نیا بڑا پارک تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کو ایک مثالی شہر بنایا جائے گا جہاں بین الاقوامی معیار کی سہولتیں اور تفریح کے مواقع عوام کو فراہم کیے جائیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بین الاقوامی معیار کی فرموں کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے تحت فائیو اسٹار ہوٹل بنائے جائیں گے، جبکہ ای او بی آئی کے اشتراک سے فائیو اسٹار ہوٹل منصوبے پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے سرمایہ کاروں کے لیے زیرو ٹیکس نئی ہوٹل پالیسی مرتب کرنے کے احکامات جاری کیے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کے تمام رقبے اور پراپرٹی کا مکمل سروے سروے آف پاکستان کے ذریعے کرایا جائے گا، جبکہ آئندہ تمام آکشنز کے لیے خصوصی مارکیٹنگ ٹیم تعینات کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کار شرکت کر سکیں۔

مزید بتایا گیا کہ کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کا کنٹرول روم سیف سٹی اسلام آباد میں قائم کیا جائے گا۔

سی ڈی اے کی بریفنگ میں کہا گیا کہ تمام ڈیٹا اور ٹرانسفر سسٹم کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے، ون ونڈو آپریشن کے تحت ڈیجیٹل ڈیش بورڈ متعارف کرایا جائے گا اور غیر ضروری پوسٹیں ختم کی جائیں گی۔

اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف، ممبران سی ڈی اے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔