امریکی نائب صدر جے ڈی وینس آج اسلام آباد نہیں جائیں گے، وائٹ ہاؤس نے تصدیق کر دی

یہ دورہ منسوخی کے بجائے عارضی طور پر مؤخر کیا گیا ہے اور اسے کسی بھی وقت دوبارہ شیڈول کیا جا سکتا ہے


ویب ڈیسک April 21, 2026

وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس آج مذاکرات کے لیے پاکستان نہیں جائیں گے۔

اس سے قبل امریکی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران کی جانب سے کسی واضح جواب نہ ملنے پر نائب صدر کا دورہ پاکستان مؤخر کر دیا گیا ہے۔ تاہم اب امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ دورہ منسوخی کے بجائے عارضی طور پر مؤخر کیا گیا ہے اور اسے کسی بھی وقت دوبارہ شیڈول کیا جا سکتا ہے۔

معاملے سے باخبر امریکی حکام کے مطابق، واشنگٹن سفارتی رابطوں کو جاری رکھے ہوئے ہے اور مناسب پیش رفت کی صورت میں دورے کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

دوسری جانب ایران نے بھی امریکا کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے محتاط رویہ اختیار کیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایک ایرانی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں مذاکرات کے لیے وفد بھیجنے کے بارے میں تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران صرف اسی صورت میں مذاکرات میں شرکت کرے گا جب اسے یقین ہو کہ بات چیت نتیجہ خیز ثابت ہو سکتی ہے، بصورت دیگر ایسے اقدامات وقت کا ضیاع ہوں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان حالیہ دنوں میں امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے لیے ایک اہم ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے، تاہم دونوں جانب سے غیر یقینی بیانات کے بعد اس عمل میں تاخیر کا امکان بڑھ گیا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان کی درخواست پر جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کیا ہے جبکہ آبنائے ہرمز میں امریکی ناکہ بندی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔