لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے میں کار ریسنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے کے بعد فرار ہونے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر اے ایس پی ڈیفنس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے مدثر مشتاق اور دانیال امتیاز کاظمی کو حراست میں لیا۔ ترجمان کے مطابق واقعے میں استعمال ہونے والی گاڑیاں بھی تحویل میں لے لی گئی ہیں، جبکہ ملزمان کو سیف سٹی اور ڈی ایچ اے کے کیمروں، ایکسائز ریکارڈ اور موبائل ڈیٹا کی مدد سے ٹریس کیا گیا۔
پولیس کے مطابق 19 اپریل کی صبح تقریباً 4:37 بجے مین بلیوارڈ ڈی ایچ اے پر کار ریسنگ کے دوران ایک تیز رفتار گاڑی نے موٹرسائیکل سوار 25 سالہ فیصل رحمان کو ٹکر ماری، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے اور انہیں فوری طور پر جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ دونوں ملزمان آپس میں کلاس فیلوز ہیں اور ریسنگ میں ملوث تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔