کوہاٹ میں خلیج سے بڑے گیس کے 3 ذخائر دریافت ہوئے ہیں، پی ٹی آئی رکن اسمبلی کا دعویٰ

عمران خان اسٹیڈیم میں ہونے والے اسمبلی اجلاس میں حکومتی رکن نے یہ دعویٰ کیا اور صوبے میں گیس لوڈشیڈنگ پر سوال اٹھایا


ویب ڈیسک April 22, 2026

خیبرپختونخوا اسمبلی کے حکومتی رکن داود شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ کوہاٹ میں خلیج سے بڑے گیس کے تین ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں ہونے والے اسمبلی کے تاریخی اجلاس میں حکومتی رکن داود شاہ نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کوہاٹ میں تین بڑے ذخائر دریافت ہوئے اور یہ خلیج سے بھی بڑے ذخائر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا ملک کو 50 فیصد گیس فراہم کر رہا ہے، پھر یہاں گیس
 لوڈشیڈنگ کیوں ہے؟ ہمارے صوبے کے 40 ارب روپے کے واجبات ادا نہیں کیے جا رہے۔

داود شاہ نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ ہمارے اس حق کے لیے بھرپور آواز بلند کریں۔

وزیر قانون آفتاب عالم نے نقطہ اعتراض پر جواب دیتے ہوئے ایوان کو بتایا کہ کرک میں یومیہ 11 ہزار 650 بیرل تیل کی پیداوار ہے، کوہاٹ میں یومیہ 15 ہزار بیرل پیداوار ہے جو بڑھ کر 25 ہزار بیرل تک پہنچ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پیداوار عالمی سطح پر بھی نمایاں ہے،  وفاق نے بڑے منصوبے بنائے مگر اس نوعیت کا منصوبہ نہیں بنایا، 458 مکعب فٹ گیس کی دریافت ہوئی ہے۔

وزیر قانون نے کہا کہ صوبہ اپنی 72 فیصد گیس باہر فراہم کر رہا ہے، اس معاملے پر وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی بنائی جائے، صوبے کی 50 فیصد آبادی گیس سے محروم ہے، اس پر بات ہونی چاہیے۔

آفتاب عالم نے کہا کہ آرٹیکل 158 پر عملدرآمد کیا جائے بصورت دیگر حکومت عدالت سے رجوع کرے گی۔