اسلام آباد میں دکانیں بند رکھنے سے متعلق نوٹیفکیشن، انتظامیہ کی وضاحت

ڈی سی اسلام آباد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں وضاحت کردی


ویب ڈیسک April 22, 2026
فوٹو: ایکس

اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے وفاقی دارالحکومت میں دکانیں بند رکھنے کے وقت کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بتایا کہ دکانیں بند کرنے کے اوقات پر تبدیلی کے حوالے سے ایک جعلی نوٹیفکیشن سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی انتظامیہ نے اس حوالے سے آج کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا ہے۔

ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ مصدقہ معلومات اور غیرمصدقہ معلومات کا تبادلہ کرنے سے گریز کرنے کے لیے سرکاری ذرائع پر انحصار کریں۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر زیرگردش نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ تمام دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مال ہفتہ اور اتوار سمیت روزانہ رات کو 10 بجے بند ہوں گے تاہم فارمیسی، میڈیکل اسٹورز، میڈیکل سپلائی اسٹورز اور اسپتال اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔