شہر میں ٹریفک حادثات کے دوران کمسن اور نوعمر لڑکے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد رواں سال کے ابتدائی 111 روز میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 322 تک پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں بدھ کے روز تین ٹریفک کے حادثات پیش آیا، لانڈھی داؤد چورنگی میں کمسن لڑکے کی زندگی ٹریلر نے چھین لی جبکہ منگھوپیر میں لوڈنگ ٹرک نے نوعمر لڑکے کو کچل ڈالا جو گاڑی کا ہیلپر تھا۔
کلفٹن میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے بزرگ شہری زندگی کی بازی ہار گیا ، رواں کے دوران شہر میں جان لیوا خونی حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 322 ہوگئی جبکہ 3 ہزار 417 افراد زخمی بھی ہوئے۔
رواں سال کے دوران شہر میں 111 افراد دندناتی ہوئی ہیوی گاڑیوں کے بے رحم پہیوں تلے کچل کر زندگی سے محروم ہوگئے جس میں سب سے زیادہ 52 افراد ٹریلر سے پیش آنے والے جان لیوا حادثات کا شکار ہو کر ابدی نیند سوگئے۔
تفصیلات کے مطابق لانڈھی داؤد چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار کمسن لڑکا جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
چھیپا حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 7 سالہ سعد ولد وقاص کے نام سے کی گئی جو کہ موٹر سائیکل پر اپنے رشتے دار کے ہمراہ سوار تھا جبکہ حادثہ بغیر کنٹینر لدے ہوئے ٹریلر سے پیش آیا۔
ایس ایچ او شرافی گوٹھ امتیاز نیازی نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرائیور خالد کو گرفتار کر کے ٹریلر کو اپنے قبضے میں لے لیا۔
انھوں ںے بتایا کہ متوفی لڑکا ماڈل کالونی کا رہائشی ہے جو موٹر سائیکل پر اپنے رشتے دار کے ہمراہ لانڈھی فیوچر کالونی میں اپنے ماموں قدوس کے گھر جا رہا تھا کہ ٹریلر کے پہیوں تلے آکر جاں بحق ہوگیا۔
انھوں نے بتایا کہ گرفتار ڈرائیور نے ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس کو بیان دیا ہے کہ موٹر سائیکل سوار ٹریلر کے ساتھ چل رہا تھا کہ سامنے سے آنے والی دوسری موٹر سائیکل سے ان کی ٹکر ہوئی اور اس دوران بچہ موٹر سائیکل سے گر کر ٹریلر پہیوں میں آگیا تاہم پولیس حادثے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
جناح اسپتال میں کمسن متوفی سعد کے رشتے دار نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ فیوچر موڑ سے داؤد چورنگی کی جانب جاتے ہوئے حادثہ پیش آیا ہے، مرتضیٰ چورنگی سے داؤد چورنگی تک سڑک کی حالت انتہائی ابتر ہے اور سفر کرنا محال ہے، ٹیکس تو مانگتے ہیں لیکن کوئی کام نہیں کرتے۔
انھوں نے بتایا کہ گاڑی والا گڑھے سے بچ رہا تھا کہ اس دوران حادثہ پیش آگیا ، متوفی کے 6 بھائی بہن ہیں۔
منگھوپیر مائی گاڑی کے قریب لوڈنگ ٹرک کی ٹکر سے نوعمر لڑکا جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی اسپتال لیجائی گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 15 ناظم ولد ارشاد کے نام سے کی گئی جو کہ راہگیر تھا جبکہ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم پولیس نے لوڈنگ ٹرک کو اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا جبکہ اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
منگھوپیر تھانے کی مائی گاڑی پولیس چوکی انچارج حفیظ تنولی کے مطابق حادثہ لوڈنگ مزدا ٹرک سے پیش آیا ۔ متوفی ناظم مزدا ٹرک کا ہیلپر تھا جس نے تھلے سے ایٹیں (بلاک) لوڈ کیے اور تھلے سے نکل رہا تھا کہ ڈرائیور نے جلد بازی میں ٹرک ریورس کیا تو ہیپلر ناظم پچھلے ٹائروں کے نیچے آگیا تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور اور لوڈنگ مزدا ٹرک کو قبضے میں لے لیا ہے ۔
کلفٹن بلاک 4 بینظیر پارک کے قریب ٹریفک حادثے میں بزرگ شہری جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے جناح اسپتال پہنچائی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 60 سالہ عبداللہ کے نام سے کی گئی جو کہ راہگیر تھا جبکہ حادثہ نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا جس کا ڈرائیور موقع سے گاڑی سمیت فرار ہوگیا اور اس حوالے سے پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
دریں اثنا لانڈھی مرتضیٰ چورنگی بابر کانٹا کے قریب تیز رفتار مشرق کوچ ڈرائیور سے بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھڑے ٹریلر سے ٹکرا جس کے نتیجے میں 4 خواتین سمیت 5 مسافر زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمیوں کی شناخت 21 سالہ فیروزہ دختر عبداللہ ، 40 سالہ حمیدہ زوجہ اعجاز ، 45 سالہ گل بانو زوجہ خان محمد ، 40 سالہ اکبری زوجہ نذیر اور 25 سالہ پیر محمد ولد مظہر کے نام سے کی گئی۔
پولیس نے کوچ کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن شاہد چوہدری کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد اور زخمیوں کے حوالے سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے دوران کے شہر میں جان لیوا خونی حادثات میں مجموعی طور پر 322 افراد زندگی سے محروم ہوگئے جس میں 234 مرد ، 44 خواتین ، 34 بچے اور 10 بچیاں شامل ہیں۔
ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 3 ہزار 417 افراد زخمی بھی ہوئے جس میں 2635 مرد ، 580 خواتین ، 151 بچے اور 51 بچیاں بھی شامل ہیں۔
شہر میں رواں سال کے 112 روز میں اب تک ہیوی گاڑیوں سے پیش آنے والے جان لیوا خونی حادثات کا بھی سلسلہ بدستور جاری ہے جس میں ٹریلر کی ٹکر سے 52 افراد ، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 30 افراد ، مزدا کی ٹکر 12 افراد ، بس کی ٹکر سے بھی 12 افراد جبکہ ڈمپر کی ٹکر سے 5 افراد زندگی سے محروم ہوچکے ہیں۔