معروف انگلش فٹبالر جوڈ بیلنگھم نے ہنڈریڈ فرنچائز کی مقبول ٹیم برمنگھم فینکس میں 10 لاکھ پاؤنڈز مالیت کے حصص خرید لیے۔
امریکی انویسٹمنٹ فنڈ کمپنی نائٹ ہیڈ کیپیٹل (جو انگلینڈ کی برمنگھم سٹی ایف سی کی مالک ہے) گزشتہ برس برمنگھم فینکس کے 49 فی صد حصص خرید کر واروک شائر کاؤنٹی کے ساتھ شریک مالک بن گئی تھی۔
بدھ کے روز جاری ایک بیان میں واروک شائر نے اس بات کی تصدیق کی کہ ریال میڈرڈ کے مڈفیلڈر (جن کی پرورش برمنگھم میں ہوئی ہے) نے دونوں فریقین سے کچھ حصص خریدے ہیں۔
جوڈ بیلنگھم نے مجموعی طور پر فرنچائز کے 1.2 فی صد حصص خریدے، جس میں نصف واروک شائر اور دیگر نصف حصہ نائٹ ہیڈ سے حاصل کیا۔ جس کے بعد کلب کے پاس 50.4 فی صد جبکہ نائٹ ہیڈ کے پاس 48.4 فی صد شیئر باقی ہیں۔