افغان ہیکرز نے بھارتی میڈیا چینل ہیک کرلیا، خصوصی پیغام نشر کردیا

اس میڈیا نیٹ ورک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 30 ملین سے زائد فالوورز موجود ہیں


ویب ڈیسک April 23, 2026

افغانستان سے تعلق رکھنے والے ہیکرز نے ایک بھارتی میڈیا نیٹ ورک کو سائبر حملے کا نشانہ بناتے ہوئے اس کی نشریات میں مداخلت کر دی اور اپنا خصوصی پیغام نشر کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ہیکنگ کا نشانہ بننے والا میڈیا پلیٹ فارم ’ون انڈیا‘ ہے، جس کی نشریات کے دوران غیر معمولی اور سیاسی نوعیت کے پیغامات دکھائے گئے۔

اطلاعات کے مطابق اس میڈیا نیٹ ورک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 30 ملین سے زائد فالوورز موجود ہیں، جس کی وجہ سے یہ واقعہ تیزی سے عالمی توجہ کا مرکز بن گیا۔

ہیکنگ کی ذمہ داری ایک گروپ نے قبول کی ہے جو خود کو ’ٹرو مسلم افغانز‘ کہتا ہے۔ گروپ نے نشریات کے دوران افغان پرچم کی نمائش کی اور طالبان اور انڈیا کے ساتھ تعلقات کو مسترد کرتے ہوئے اس کی مذمت کی۔

ذرائع کے مطابق ہیکرز نے میڈیا پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے اپنے سیاسی پیغامات واضح انداز میں نشر کیے، جسے ماہرین صرف ایک سائبر حملہ نہیں بلکہ جغرافیائی و سیاسی پیغام رسانی کی ایک مثال قرار دے رہے ہیں۔

واقعے کے بعد متعلقہ میڈیا نیٹ ورک کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ اس واقعے نے بھارت، افغانستان اور طالبان کے درمیان تعلقات سے متعلق نئی بحث کو بھی جنم دیا ہے۔