امریکا ایران مذاکرات بچانے کیلئے فیلڈ مارشل عاصم منیر غیر معمولی کردار ادا کررہے ہیں، فنانشل ٹائمز

جریدے کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات اس وقت نازک مرحلے میں ہیں


ویب ڈیسک April 23, 2026

برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کو مکمل طور پر ناکام ہونے سے بچانے کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اس سفارتی عمل میں ایک اہم اور غیر روایتی کردار کے طور پر سامنے آئے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان رابطہ کاری کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جریدے کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات اس وقت نازک مرحلے میں ہیں، جہاں باہمی اعتماد کی کمی، اقتصادی پابندیاں اور حالیہ فوجی کشیدگی اہم رکاوٹیں بن رہی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ان مشکلات کے باوجود دونوں فریقین کے درمیان رابطے کا پل بننے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ مذاکراتی عمل جاری رکھا جا سکے اور خطے میں کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ کوششیں کامیاب ہو جاتی ہیں تو نہ صرف خطے میں استحکام آئے گا بلکہ عالمی سطح پر بھی کشیدگی میں کمی کے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔