کراچی: تیز دھار آلے کا وار کرکے ایک شخص کو قتل کردیا گیا

مقتول کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی


اسٹاف رپورٹر April 23, 2026

شاہ فیصل کالونی میں تیزدھارآلہ کا وار کرکے ایک شخص کو قتل کردیا گیا، پولیس نے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمدکرلیا۔

تفصیلات کے مطبق جمعرات کی صبح شاہ فیصل کالونی تھانے کے علاقے شاہ فیصل کالونی نمبر چارجامعہ فاروقیہ کے قریب تیزدھارآلہ کا وار کرکے ایک شخص کو قتل کردیا گیا۔

مقتول کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی ،مقتول کی شناخت  30 سالہ محمد شان ولد عابد علی کے نام سے کی گئی مقتول شاہ فیصل کالونی نمبر چار کا رہائشی تھا۔

ایس ایچ او شاہ فیصل کالونی سرور چوہان کے مطابق مقتول کو اس کے ساتھی ارشد بٹ ولد محمد اسلم نے تیزدھار آلہ کا وار کرکے قتل کیا۔

ملزم موقع پر سے فرار ہو گیا تھا جسے پولیس نے تعاقب کے بعد گرفتار کرکے آلہ قتل چھری برآمدکرلی، گرفتار ملزم حسینی مشن امام بارہ کے قریب کا رہائشی ہے۔

ایس ایچ او نے بتایاکہ مقتول اور گرفتار ملزم ملکر آئس کا نشہ کرتے تھے اور گرفتار ملزم نے نشے کی حالت میں اپنے ساتھی کے گلے پر تیزدھار آلہ کا وار کرکے قتل کیا ،پولیس واقعے سے متعلق مزید تفتیش کر رہی ہے۔