راولپنڈی کے تھانہ ائیرپورٹ کے علاقے کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 11 سالہ بچے سے مسجد کے خادم کی مبینہ زبردستی کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے اور پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق بروقت مداخلت سے بچے کو بچا لیا گیا اور پولیس نے خادم مسجد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ بچے کے بھائی نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے چناب بلاک میں رہائش ہےاور 11 سالہ چھوٹا بھائی ٹیوشن کے لیے گیا ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ بھائی واپس آرہا تھا تو 31 نمبر گلی میں نامعلوم شخص نے روک لیا، جس کو بعد میں مسجد کا خادم بتایا گیا۔
پولیس کو بچے کے بھائی نے بتایا کہ ملزم نے بھائی کودھمکیاں دیں اور مبینہ زبردستی کے ارادے سے مسجد کے تہہ خانے میں لے گیا جبکہ مسجد میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔
مدعی کا مزید کہنا تھا کہ بروقت کارروائی سے بچے کو مزید نقصان سے بچا لیا گیا لیکن وہ سخت صدمے اور خوف میں مبتلا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا تھاکہ مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور واقعے کی تفتیش میں مصروف ہیں۔