وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دورہ مظفرآباد کیلئے ہیلی کاپٹر کاکتنا کرایہ ادا کیا؟ اعدادوشمار سامنے آگئے

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی 25 اپریل بروز ہفتہ مظفرآباد کشمیر کا دورہ کریں گے


احتشام بشیر April 23, 2026
فوٹو: پی ٹی آئی

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں شیڈول احتجاج میں شرکت کے لیے دورہ کریں گے، جس کے لیے ہیلی کاپٹر کا لاکھوں روپے کرایہ ادا کردیا۔

وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان کے مطابق خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی 25 اپریل کو مظفر آباد میں ہونے والے اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں ہیلی کاپٹر سے مظفرآباد جائیں گے، جس کے لیے ہیلی کاپٹر کا کرایہ 8 لاکھ 40 ہزار روپے ادا کردیے گئے۔

شفیع جان نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی 25 اپریل بروز ہفتہ مظفرآباد کشمیر کا دورہ کریں گے اور اس دورے کے لیے سرکاری ہیلی کاپٹر کے تمام اخراجات پارٹی فنڈ سے ادا کر دیے گئے ہیں اور سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری وسائل کے استعمال سے اجتناب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے بانی چئیرمین کے وژن کے مطابق شفافیت اور ذمہ داری کی ایک مثبت روایت قائم کی ہے، بانی چئیرمین نے ہمیشہ سرکاری وسائل کو عوام کی امانت سمجھتے ہوئے ان کی بھرپور حفاظت کی ہے۔