ایران کے دارالحکومت میں شدید دھماکوں کی آوازیں؛ دفاعی فضائی نظام متحرک

امریکا اور اسرائیل کی جانب سے حملے کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ تھا


ویب ڈیسک April 23, 2026

ایران کے دارلحکومت تہران کے کچھ علاقے زور دار دھماکوں سے گونج اُٹھے جس کے بارے میں فی الوقت معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ان دھماکوں کی آوازوں کے بارے میں تاحال کوئی دعویٰ سامنے نہیں آیا ہے تاہم کچھ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ بیرونی حملہ تھا۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ آوازیں طیارہ شکن فائرنگ کی تھیں اور دارالحکومت تہران کے مغربی اور مشرقی حصوں سے موصول ہوئی تھیں۔

پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ خبر رساں ایجنسی مہر کا دعویٰ ہے کہ تہران کے بعض علاقوں میں سنائی دینے والی دھماکوں کی آوازیں ایرانی فضائی دفاعی نظام کی جانب سے دشمن کے اہداف کو تباہ کرنے کی تھیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اس وقت تک دستیاب معلومات کے مطابق ایران کی فضائیہ نے اپنی حدود میں داخل ہونے والے دشمن کے پروجیکٹس کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ایرانی دفاعی نظام نے کس چیز کو نشانہ بنایا اور وہ کس ملک کی جانب سے بھیجے گئے تھے۔

ایرانی حکومت کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا اور نہ امریکا یا اسرائیل نے اس قسم کا کوئی دعویٰ کیا ہے۔