مشرقِ وسطیٰ میں ایک اور طیارہ بردار امریکی بحری بیڑہ مشرق وسطیٰ پہنچ گیا جس سے مشرق وسطیٰ میں امریکی بحری قوت میں مزید اضافہ ہوگیا۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی فوج کا کہنا ہے کہ یو ایس ایس جارج ایچ ڈبلیو بش طیارہ بردار بحری بیڑہ مشرق وسطیٰ پہنچ گیا ہے جس سے خطے میں کام کرنے والے بڑے امریکی جنگی بحری جہازوں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔
امریکی فوج کے مطابق یہ طیارہ بردار جہاز 23 اپریل کو انڈین اوشن میں موجود تھا اور یہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے دائرۂ اختیار میں آپریشنل سرگرمیوں میں حصہ لے رہا تھا جو مشرقِ وسطیٰ کے معاملات کی نگرانی کرے گا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک تصویر بھی جاری کی، جس میں بحری جہاز کے ڈیک پر بڑی تعداد میں لڑاکا طیارے کھڑے دکھائی دے رہے ہیں جو اس کی جنگی صلاحیت کو ظاہر کرتے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق خطے میں امریکی بحری موجودگی میں یہ اضافہ بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے تاکہ اہم سمندری راستوں اور اتحادی ممالک کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔