کراچی: پولیس مقابلوں میں 2 ڈاکو ہلاک، دو زخمیوں سمیت 4 گرفتار

ہلاک ہونے والے ایک ملزم کی شناخت 22 سالہ رشید کے نام ہوئی، دوسرے ملزم کی شناخت نہیں ہوسکی


اسٹاف رپورٹر April 24, 2026
فوٹو: فائل

کراچی میں مبینہ پولیس مقابلوں میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے، 2 زخمیوں سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ملیر سٹی پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ملیر سٹی باون شاہ مزار کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، ملزم کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جس کی شناخت 23 سالہ علی احمد ولد محمد عارف کے نام سے کی گئی، ملزم کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا، گرفتار ملزم سے دو پستولیں بمع گولیاں، موبائل فون، کیش رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔

 شارع نورجہاں پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب نارتھ ناظم آباد عبداللہ کالج کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو ہلاک کردیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، مارے جانے والے ڈاکو کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، ہلاک ڈاکو سے ایک پستول بمع گولیاں، موبائل فون، کیش رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی، مارے جانے والے ڈاکو کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی، پولیس نے لاش تلاش ورثا کیلئے سرد خانے منتقل کردی۔

جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ناظم آباد جہانگیر آباد ندی کنارے مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا، ہلاک ہونے والے ڈاکو کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مارے جانے والے ڈاکو کی شناخت 22 سالہ رشید ولد دلاور خان کے نا سے کی گئی۔

نیو کراچی پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب نیو کراچی سیکٹر الیون ڈی  شمس تبریز گراؤنڈ کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت 19 سالہ الامین ولد عبد الستار کے نام سے کی گئی جبکہ دوسرے گرفتار ڈاکو نے اپنا نام عبدالمالک ولد محمد موسیٰ بتایا، گرفتار ملزمان سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون، کیش رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔

پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے حسن نعمان کالونی سہراب گوٹھ سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث "محبوب گروہ" سے تعلق رکھنے والے ملزم محمد زبیر ولد سلام خان کو گرفتار کر لیا۔   گرفتار ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کراچی کے علاقوں سہراب گوٹھ، انڈسٹریل ایریا اور ملحقہ علاقوں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔

گرفتار ملزم عادی مجرم ہے اور اس کے خلاف تھانہ سہراب گوٹھ میں ایف آئی آر بھی درج ہے۔ حال ہی میں ملزم نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر ڈکیتی کی ایک بڑی کارروائی کی تھی جسے سی سی ٹی وی فوٹج میں دیکھا جا سکتا ہے۔ گرفتار ملزم کو مزید قانونی کاروائی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔