اسلام آباد:
ملک بھر میں بجلی کی طلب میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ پن بجلی کی پیداوار 6 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گئی۔
ترجمان پاور ڈویژن کی جانب سے 24 اپریل کی شب پیک اوقات میں بجلی کی صورت حال کے حوالے سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے ۔
ترجمان کے مطابق تربیلا ڈیم سے پانی سے اخراج میں رات کے وقت اضافے سے پن بجلی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔ کل رات پیک ٹائم میں کل پن بجلی کی پیداوار 6000میگاواٹ رہی جب کہ ملک کی کل پن بجلی کی استعداد 11500میگاواٹ ہے ۔
پن بجلی کی پیداوار میں اضافے سے ملک کے جنوب سے نیشنل گرڈ میں استحکام کی بدولت مزید 100میگاواٹ سینٹرلائز کرنے میں آسانی ہوئی۔ ترجمان کے مطابق ملک کے جنوب سے کل 500میگاواٹ کی ترسیل ممکن ہوئی ہے۔؎
بیان کے مطابق کل شب بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے رات کے پیک اوقات میں ایک گھنٹے سے لے کر 2 گھنٹے تک لوڈ منیجمنٹ کی ۔ پن بجلی کی پیداوار میں اضافے کی بدولت بجلی کے زیادہ ڈیمانڈ کے باوجود لوڈ منیجمنٹ 2 گھنٹے سے زیادہ نہیں ہوئی ۔ ملک میں زیادہ نقصانات والے فیڈرز پر اکنامک لوڈ منیجمنٹ پالیسی کے تحت کی جارہی ہے ۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق اکنامک لوڈمنیجمنٹ کا پیک اورز میں لوڈ منیجمنٹ سے کوئی تعلق نہیں ۔ ایل این جی کی عالمی حالات کے بنا پر عدم دستیابی سے 5500میگاواٹ کے پاور پلانٹس سے بجلی پیدا نہیں ہو رہی ۔ ایل این جی کی دستیابی اور پانی کے اخراج میں اضافے سے رات کے اوقات کا شارٹ فال ختم ہوجائے گا۔