لاہور میں اسکول سے واپس آنے والی بچیوں کو ہراساں کرنے کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
پولیس کے مطابق جوہر ٹاؤن میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
قائم مقام ایس پی صدر کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو بی بلاک سے ٹریس کیا گیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم بچیوں کے پیچھے بھاگتا ہے، ان کا دوپٹہ کھینچتا ہے اور انہیں ہراساں کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو جاتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچیاں اسکول سے گھر واپس جا رہی تھیں جب یہ واقعہ پیش آیا۔ ملزم یاسین کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔
قائم مقام ایس پی صدر عبداللہ عمران چیمہ نے کہا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔