دو روز قبل شاہ فیصل کالونی نمبر چار میں چھری کے وار سے قتل کیے جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔
فوٹیج میں دیکھا گیا کہ مقتول اور قاتل اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ گلی سے لڑتے ہوئے نکل رہے ہیں، ملزم ارشد بٹ کو گلی میں موجود لوگ روکتے رہ گئے تاہم ملزم نے مقتول شان پر پے در پے وار کئے، ملزم ارشد بٹ نے سر عام اپنے ہی ساتھی شان کو قتل کیا اور چھری لہراتا رہا۔
مقتول شان شاہ فیصل کالونی نمبر چار کا رہائشی تھا ، پولیس نے قتل میں ملوث ملزم ارشد بٹ کو گرفتار کرکے آلہ قتل چھری برآمد کرلی، ملزم کی گرفتاری کی فوٹیج بھی منظر پر آگئی، مقتول اور گرفتار ملزم آئس کا نشہ کرتے ہیں، ملزم ارشد بٹ نے نشے کی حالت میں اپنے ساتھی کو قتل کیا۔
واضح رہے کہ جمعرات کی صبح شاہ فیصل کالونی نمبر 4 جامعہ فاروقیہ کے قریب چاقو کا وار کرکے ایک شخص کو قتل کردیا گیا تھا، مقتول کی شناخت 30 سالہ محمد شان ولد عابد علی کے نام سے کی گئی تھی۔
ایس ایچ او شاہ فیصل کالونی سرور چوہان نے واقعے کے حوالے سے بتایا تھا کہ مقتول کو اس کے ساتھی ارشد بٹ ولد محمد اسلم نے تیزدھار آلے کا وار کر کے قتل کیا، ملزم موقع سے فرار ہوگیا تھا جسے پولیس نے تعاقب کے بعد گرفتار کرکے آلہ قتل چھری برآمد کرلی۔
گرفتار ملزم حسینی مشن امام بارہ کے قریب کا رہائشی ہے، ایس ایچ او نے بتایا کہ مقتول اور گرفتار ملزم ملکر آئس کا نشہ کرتے تھے اور گرفتار ملزم نے نشے کی حالت میں اپنے ساتھی کے گلے پر تیزدھار آلہ کا وار کرکے قتل کیا۔